اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں فرنٹئیر کانسٹیبلری (ایف سی) اہلکاروں پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک فوجی افسر سمیت 4 جوان شہید ہوگئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی ایس آر) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے فائرنگ اس وقت کی, جب ایف سی کا دستہ ہوشاب اور تربت کے درمیانی علاقے میں کامبنگ آپریشن میں مصروف تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والوں میں کیپٹن عاقب، سپاہی نادر، سپاہی عاطف الطاف اور سپاہی حفیظ اللہ شامل ہیں۔ ادھر آج ہی ہونے والے ایک اور واقعہ میں شمالی وزیرستان میں افغانستان سے دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سرحد پر پٹرولنگ کرنے والے پاک فوج کے دستے پر سرحد پار سے حملہ کیا گیا۔ پاک فوج کا دستہ شمالی وزیرستان کے قریب گرباز کے علاقے میں سرحد کی نگرانی پر مامور تھا، شہداء میں حوالدار خالد، سپاہی نوید، سپاہی بچل، سپاہی علی رضا، سپاہی محمد بابر اور سپاہی احسن شامل ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ قربانیاں پاکستان کی طرف سے خطے میں امن قائم کرنے کے لیے ہیں، قبائلی علاقوں میں کوششوں کے بعد سکیورٹی صورتحال بہتر ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تمام توجہ سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہے، دشمن قوتیں بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، ان شاء اللہ دشمن قوتوں کی کوششیں ناکام ہوں گی
.......
/169